ٹرمپ انتظامیہ کے اقتصادی مشیر کیون ہیسیٹ کا کہنا ہے کہ بھارت سے تجارتی معاہدے کی پیش رفت پر صدر ٹرمپ ناخوش ہیں، ٹرمپ کا خیال ہے ٹیرف لگانے سے صورتحال بہتر ہوگی۔
امریکی میڈیا سے گفتگو میں کیون ہیسیٹ کا کہنا تھا کہ بھارت پر اضافی جرمانے کی تفصیلات صدر ٹرمپ کو معلوم ہیں، بھارت سے تجارتی معاہدہ عالمی معیشت کےلیے یقینی طور پر گیم چینجر ہوگا۔
انھوں نے کہا ہوسکتا ہے بھارت اپنے طریقہ کار پر غور کرے اور امریکا کے لیے اپنی تجارتی منڈیاں کھول دے۔
کیون ہیسیسٹ کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے ساتھ تجارتی معاہدے میں پیشرفت کی امید برقرار ہے، چین سے تجارتی معاہدے کے اعلان سے پہلے ٹرمپ اس میں کچھ تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت ہمارا دوست ہے لیکن ہم نے بھارت کے ساتھ کم کاروبار کیا کیونکہ ان کے محصولات بہت زیادہ ہیں، بھارت کے ٹیکس دنیا میں سب سے زیادہ محصولات میں سے ہیں۔