• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فوٹو بشکریہ اے ایف پی
فوٹو بشکریہ اے ایف پی

جاپان میں گرمی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، ملک میں درجہ حرارت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے جب دنیا بھر میں  درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تو جاپان بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ نہیں رہا۔

جاپانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پریفیکچر ہیوگو کے مغربی علاقے میں بدھ کے روز درجہ حرارت 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

جاپانی محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ پریفیکچر ہیوگو کے مغربی علاقے میں بدھ کے روز بننے والے گرمی کے نئے ریکارڈ نے 2020ء میں ہماماتسو اور 2018ء میں کماگایا میں پڑنے والی 41.1 سینٹی گریڈ کی گرمی کے پچھلے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔

جاپانی محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ سیاحتی مقام کیوٹو میں بھی  پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

رپورٹ کے مطابق جاپان میں حالیہ دنوں میں اس قدر گرمی پڑ رہی ہے کہ گزشتہ ہفتے جاپان بھر سے 10 ہزار 804 افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ ملک میں گرمی کی شدت کی وجہ سے 16 افراد ہلاک ہو چُکے ہیں، حکومت کی جانب سے جاپان کے کئی شہروں میں ہیٹ اسٹروک کا الرٹ بھی جاری کیا جا چکا ہے اور حکام نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق یہ ریکارڈ اس دن سامنے آیا ہے جب مشرقی روس میں 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد جاپان میں سونامی کے خطرے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید