اوپن اے آئی نے ناروے میں اپنا پہلا یورپین ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے کلاؤڈ انفراسٹرکچر فراہم کرنے والے برطانوی کمپنی این اسکیل گلوبل ہولڈنگز اور ناروے کی انرجی کمپنی ایکر کے ساتھ شراکت داری میں اپنا پہلا یورپین ڈیٹا سینٹر’اسٹار گیٹ ناروے‘ قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیٹا سینٹر شمالی ناروے میں نارویک کے قریب جائے گا اور اس جگہ کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ وہاں کا موسم ٹھنڈا ہے اور وہاں ہائیڈرو پاور دستیاب ہے۔ ڈیٹا سینٹر کی تعمیر پر ابتدائی طور پر تقریباََ 1 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور یہ مکمل طور پر قابل تجدید توانائی سے چلنے والا ڈیٹا سینٹر ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر اس ڈیٹا سینٹر میں 10 ہزار GPUs نصب کیے جائیں گے جس سے اس کی صلاحیت 230 میگاواٹ ہوگی اور 2026ء کے آخر تک کل 1 لاکھ GPUs نصب کر کے اس کی صلاحیت کو 520 میگا واٹ تک بڑھانے کا ارادہ ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس مرکز میں این ویڈیا کے جدید 300 جی بی سُپر چِپ استعمال ہوں گے جنہیں این وی لنک ٹیکنالوجی کے ذریعے جوڑا جائے گا تاکہ تیز رفتار پروسیسنگ ممکن ہو سکے۔ اس ڈیٹا سینٹر کو مکمل طور پر مقامی ہائیڈرو پاور سے چلایا جائے گا۔
اس حوالے سے ناروے کی ڈیجیٹلائزیشن اور انتظامی امور کی وزیر کیریان ٹنگ نے کہا کہ یہ یورپ میں جدید صنعتی ترقی کی ایک مثال ہے جو مقامی سطح پر تحقیق اور نوکریوں کے لیے وسیع امکانات فراہم کرے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس ڈیٹا سینٹر کے ذریعے شمالی ناروے میں اے آئی پر تحقیق کے لیے اسٹارٹ اپس اور مقامی سائنسدانوں کو ترجیحی رسائی دی جائے گی۔
ناروے میں اس ڈیٹا سینٹر کا قیام یورپ میں اے آئی کی تعمیر اور ڈیجیٹل خود انحصاری کی جانب ایک مضبوط قدم ہے جس کا اثر آنے والے برسوں میں واضح طور پر دیکھا جائے گا۔