بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے اسمبلی اجلاس کے دوران گیم کھیلنے والے زراعت کے وزیر مانک راؤ کوکاٹے کو کھیل و نوجوانوں کی فلاح کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا کے وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے کو ریاستی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مبینہ طور پر آن لائن گیم کھیلتے ہوئے دیکھا گیا، اس لمحے کو کیمرے کی آنکھ نے بھی قید کر لیا۔
بعد ازاں وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے نے کسانوں سے متعلق متنازع بیانات بھی دیے جس کے بنا پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب مانک راؤ کوکاٹے کو زراعت کے بجائے کھیل و نوجوانوں کی فلاح و بہبود کی وزارت سونپ دی گئی ہے جبکہ اسمبلی کے رکن دتاتریہ بھرانے کو نیا وزیرِ زراعت مقرر کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ دیویندر اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے درمیان ہونے والی ایک اہم ملاقات کے بعد کیا گیا۔
یاد رہے کہ مانک راؤ کوکاٹے اجیت پوار کے زیرِ قیادت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دھڑے سے تعلق رکھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مانک راؤ کوکاٹے نے اسمبلی اجلاس کے دوران گیم کھیلنے کے پیشِ نظر اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کی تردید کی تھی۔
ان کا مؤقف تھا کہ میں گیم نہیں کھیل رہا تھا بلکہ موبائل پر ایک ایڈ پاپ اپ (اشتہار) بند کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
انہوں نے اپنی صفائی میں مزید کہا کہ اگر ان پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو جائیں تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔
متنازع بیانات اور سیاسی دباؤ
مانک راؤ کوکاٹے کے خلاف صرف موبائل گیم کھیلنے کا معاملہ ہی نہیں بلکہ ان کے کسانوں سے متعلق دیے گئے بیانات نے بھی سیاسی ہلچل پیدا کر دی تھی۔
چند ماہ قبل فصل بیمہ اسکیم کے حوالے سے ایک بیان دیتے ہوئے کوکاٹے نے کہا تھا آج کل بھکاری بھی ایک روپیہ نہیں لیتے لیکن ہم نے کسانوں کو ایک روپے میں فصل بیمہ دیا ہے، کچھ لوگوں نے اس اسکیم کا غلط استعمال کیا۔
اس بیان پر شدید عوامی غم و غصے کے بعد انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کسانوں سے ایک روپیہ لیتی ہے لیکن بدلے میں کچھ نہیں دیتی، اصل بھکاری حکومت ہے، کسان نہیں۔
میڈیا روپورٹس کے مطابق فروری میں مہاراشٹرا کے شہر ناشک کی ایک عدالت نے مانک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی سنیل کوکاٹے کو جعلی دستاویزات کے ذریعے 1995ء سے 1997ء کے درمیان حکومتی کوٹے سے فلیٹ حاصل کرنے کے الزام میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔