وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے بزدلانہ حملے کی شدید ترین مذمت کرتا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فلوٹیلا میں 44 ممالک کے 450 سے زائد امدادی کارکن سوار تھے، فلوٹیلا میں شریک افراد کو اسرائیلی افواج نے غیرقانونی طور پر حراست میں لیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان بے لوث کارکنان کا جرم یہ تھا کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کے لیے امداد لے جا رہے تھے، پاکستان ان تمام کارکنان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں تک امداد کی بلا تعطل ترسیل کا مطالبہ کرتا ہے، اسرائیلی بربریت کو فوری طور پر روکنا وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنانا وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔