• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: بیوی کے ناجائز تعلقات کے شبہے پر شوہر نے 2 بچوں کو زہر دیکر خودکشی کرلی


فوٹو : بھارتی میڈیا
فوٹو : بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں بیوی کے مبینہ ناجائز تعلقات کے شبہے میں اسکول ٹیچر الپیش کانتی نے اپنے 2 بچوں کو زہر دیکر مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔

 پولیس نے واقعے کے بعد 41 سالہ الپیش کانتی کی بیوی فالگنی اور اس کے آشنا کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ الپیش کی بیوی ضلعی دفتر میں بطور کلرک کام کرتی ہے اس نے اپنے شوہر کو فون کیا مگر جواب نہ ملنے پر وہ گھر پہنچی تو دروازہ اندر سے بند تھا، جس پر اس نے رشتہ داروں کو بلایا، وہ لوگ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے بچے بستر پر مردہ حالت میں ملے اور اس کے شوہر کی لاش بھی قریب ہی پائی گئی۔

پولیس کو جائے واردات سے ایک خودکشی نوٹ، دو ڈائریاں اور موبائل فون میں کچھ ویڈیوز بھی ملیں، الپیش کے بھائی نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ ان کی بھابھی کے نریش کمار راٹھور نامی شخص سے تعلقات تھے، جس کی وجہ سے الپیش شدید ذہنی دباؤ میں تھا۔ اور اسی دباؤ کے تحت اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ الپیش کی جانب سے چھوڑا گیا خودکشی نوٹ پانچ سے چھ صفحات پر مشتمل ہے، جو اس نے والدین اور بیوی کے نام لکھا ہے اس میں واضح طور پر ناجائز تعلقات کی وجہ سے ذہنی اذیت کا ذکر کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ الپیش گزشتہ ایک سے دو ماہ سے اپنی دو ڈائریوں میں تفصیلات قلمبند کر رہا تھا، جن میں سے ایک مکمل طور پر بیوی کے لیے لکھی گئی ہے، جس کے بعد  فالگنی اور نریش کمار راٹھور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید