سینئر بالی ووڈ اداکار کمل ہاسن نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم جوان کے لیے نیشنل ایوارڈ کی جیت کو ایک طویل عرصے سے واجب الادا اعزاز قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمل ہاسن نے 33 سال بعد قومی ایوارڈ جیتنے پر شاہ رخ خان کو سوشل میڈیا ایپ ایکس پر مبار ک باد دی اور وکرانت میسی اور رانی مکھرجی کے لیے بھی تہنیتی پیغام تحریر کیا ہے۔
انڈسٹری میں 33 سال گزارنے کے بعد بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے آخر کار فلم جوان میں اپنی کارکردگی پر 71 ویں قومی فلم ایوارڈز میں اپنا پہلا نیشنل ایوارڈ جیت لیا ہے، جس پر ان کے سینئرز اور انڈسٹری کے دوستوں نے سوشل میڈیا کو مبارک باد کے پیغامات سے بھر دیا ہے جبکہ سپر اسٹار کمل ہاسن نے بھی شاہ رخ خان کی جیت پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
کمل ہاسن نے ایکس پر جوان کے لیے بہترین اداکار کا قومی ایوارڈ جیتنے پر شاہ رخ خان کے لیے لکھا ہے کہ جوان کے لیے قومی ایوارڈ پر iamsrk کو مبارک باد، عالمی سنیما پر آپ کے شاندار اثرات کے لیے یہ ایک طویل عرصے سے واجب الادا اعزاز تھا۔
شاہ رخ نے بہترین اداکار کا ایوارڈ وکرانت میسی کے ساتھ شیئر کیا ہے، جنہوں نے فلم 12th فیل میں اپنی کارکردگی پر یہ انعام جیتا ہے، رانی مکھرجی نے مسز چٹرجی ورسز ناروے کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔
کمل ہاسن نے وکرانت میسی اور رانی مکھرجی کو بھی قومی ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد دی ہے اور لکھا ہے کہ فلم 12th فیل ایک شاہکار تھی جس نے مجھے بہت متاثر کیا، ودھو ونود چوپڑا اور وکرانت میسی کو اس اعزاز پر مبارک ہو، رانی مکھرجی کی اداکاری کو سراہتا ہوں جو پُرعزم بھی تھی اور نازک بھی اور وہ اس قومی اعزاز کی بھرپور مستحق ہیں۔
کمل ہاسن اور شاہ رخ خان نے اس سے قبل 2000ء کی فلم ہے رام میں ایک ساتھ کام کیا تھا، یہ فلم شاہ رخ خان کی تامل فلموں میں ڈیبیو تھی اور اسے کمل ہاسن نے تحریر کیا، ہدایت دی اور پروڈیوس کیا تھا۔
گزشتہ روز خوشی سے سرشار شاہ رخ خان نے بھی جوان میں اپنی کارکردگی پر قومی ایوارڈ ملنے کے بعد اپنے تشکر کا اظہار کیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ قومی ایوارڈ سے مجھے عزت دینے کے لیے شکریہ، جیوری اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کا شکریہ، اس عزت افزائی کے لیے بھارت حکومت کا شکریہ، مجھے ملنے والی محبت سے میں مغلوب ہوں، آج سب کو آدھی جھپی۔
شاہ رخ خان اگلی فلم کنگ میں نظر آئیں گے، جس کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے انجام دی ہے، اس ایکشن فلم میں سہانا خان، ابھیشیک بچن، جیدیپ اہلاوت، ابھے ورما اور سوربھ شکلا بھی اہم کرداروں میں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون، جیکی شیروف اور رانی مکھرجی بھی کاسٹ کا حصہ ہیں تاہم مصدقہ ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
کمل ہاسن ایس شنکر کی فلم انڈین 3 اور ناگ اشون کی کلکی 2898 AD کے سیکوئل میں نظر آئیں گے، جس میں امیتابھ بچن، دیپیکا پڈوکون اور پربھاس بھی مرکزی کرداروں میں شامل ہیں۔