برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان، برطانیہ اور اٹلی کی بلائنڈ بیس بال ٹیموں کو خوش آمدید کہا گیا اور انہیں غیر معمولی صلاحیتوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ تقریب بریڈ فورڈ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت زاہد مغل کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی ہمت، حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے انہیں مثبت سوچ اور جذبے کی روشن مثال قرار دیا۔
یہ استقبالیہ دراصل مانچسٹر میں 2 اور 3 اگست 2025ء کو ہونے والے یو کے بلائنڈ بیس بال ایسوسی ایشن (UKBBA) کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے موقع پر ترتیب دیا گیا تھا، جس میں پاکستان، برطانیہ اور اٹلی کی ٹیموں نے شرکت کی۔
یہ ایونٹ پرفارمنس فلوئڈز لمیٹڈ کے تعاون سے منعقد ہوا، جس کا مقصد ناصرف کھیل کو فروغ دینا تھا بلکہ بصارت سے محروم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا بھی تھا۔
تقریب میں بی بی اے کھیل سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، بی بی اے یوکے ٹورنامنٹ کے آرگنائزر شیراز اٹالین سلیکشن کے رچرڈ رڈھیری، غلام سرور، یو کے بی بی اے کی کوچ ظہورا انور کا کہنا تھا کہ یہ کھلاڑی بصارت سے محرومی کے باوجود جو کچھ کر رہے ہیں وہ ناصرف قابلِ ستائش ہے بلکہ معاشرے کے دیگر افراد کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔
زاہد مغل نے کہا کہ ہمیں ان باہمت کھلاڑیوں پر فخر ہے، ان کی جدوجہد، محنت اور لگن اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر عزم ہو تو کوئی رکاوٹ منزل کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی، نابینا کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ معذوری کسی بھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔
اس موقع پر انہوں نے فرداً فرداً ہر کھلاڑی کے پاس جا کر ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے ٹورنامنٹ کے منتظمین، خاص طور پر یو کے بلائنڈ بیس بال ایسوسی ایشن اور بریڈفورڈ جائنٹس بلائنڈ بیس بال ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا اور مستقبل میں ایسے مزید ایونٹس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
کھلاڑیوں نے زاہد مغل کو کتاب تحفے میں پیش کی جبکہ مختلف مہمانوں نے ان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔