کراچی کے علاقے ملیر 15 میں گھر میں جائیداد کے تنازع پر جھگڑے کے دوران غیر ملکی خاتون زخمی ہو گئیں، ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ جائیداد کے تنازع کے باعث جھگڑے کے دوران پیش آیا۔
زخمی خاتون نے ناصر نامی پاکستانی شخص سے شادی کی تھی، ناصر کے انتقال کے بعد خاتون اپنے وراثتی حصے کے لیے سسرال آئی تھیں۔
جھگڑے کے دوران خاتون کے دیور دانش نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون کو دو گولیاں لگیں۔
خاتون کو زخمی حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
فائرنگ سے خاتون کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم دانش موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
خاتون کے بیٹے کا مؤقف ہے کہ وہ اور والدہ 2 اگست کو بینکاک سے کراچی آئے، آن لائن ٹیکسی میں والد کے گھر پہنچے، دروازہ کھٹکھٹایا تو گھر کے اندر سے چچا نے فائرنگ کی۔
مدعیٔ مقدمہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ چچا نے کی، والدہ دیلیہ البرطو 2 گولیاں لگنے سے زخمی ہوئیں، دادا اور دیگر لوگوں نے سارا واقعہ دیکھا، اس دوران چچا فرار ہو گئے۔