• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم نے نئی دہلی کو ایک اور جھٹکا دیا ہے۔ یہ جھٹکا روسی تیل کی خریداری کے معاملے میں بھارت پر ٹیرف کے مزید اضافے کے انتباہ کی صورت میں سامنے آیا ۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ وہ اس خریدے ہوئے تیل کو کھلی مارکیٹ میں بڑے منافع کیلئے فروخت بھی کررہا ہے۔ بھارت کو اس بات کی پروا نہیں ہے کہ یوکرین میں کتنے لوگ روسی جنگ کی وجہ سے مارے جارہے ہیں۔ امریکی صدر نے نئی دہلی پر مزید خاطر خواہ ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے یہ واضح نہیں کیا کہ مذکورہ ٹیرف کیا ہوگا۔بھارت کوجس شرح سے بھی ٹیرف کا سامنا کرنے پڑے یا واشنگٹن اور نئی دہلی تعلقات کی نوعیت آنے والے دنوں میں جیسی بھی ہو، پاکستان کو کئی مسائل سے بہرطور نمٹنا ہوگا۔ ایک یہ کہ پاکستان پر عائد 19فیصد ٹیرف اگرچہ کئی ملکوں کے مقابلے میں کم نظر آتا ہے تاہم پاکستان میں انرجی کی لاگت زیادہ ہونے کے باعث امریکہ سے دوبارہ بات چیت سمیت نئی صورتحال میں برآمدات بڑھانے کی موثر حکمت عملیاں بروئےکار لانی ہوں گی۔ دوسری یہ کہ پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات پر رضامند نہ ہونیوالی بھارتی حکومت کی فل اسکیل مہم جوئی عبرتناک ہزیمت سے دوچار ہونے کے بعد پاکستان میں بھارتی پراکسیز کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ جعفر ایکسپریس پرکولپوراوردوزان ریلوے اسٹیشن کے قریب دوسری بار حملہ پیر 4اگست کو ناکام بنا دیا گیا مگرحالات متقاضی ہیں کہ دہشت گردوں کا مکمل قلع قمع کیا جائے ۔ نائن الیون کے بعد سے پاکستان کودہشت گردوں کے مقابل فرنٹ اسٹیٹ ہونے کی بناپر شدید جانی و مالی نقصانا ت کاسامنا کرنا پڑا۔درپیش حالات متقاضی ہیں کہ علاقائی سمیت مختلف سطحوں پر ایسے بین الاقوامی رابطے اور طریقے منظم کئے جائیں جن میں دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔

تازہ ترین