بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 22 سالہ نئی نویلی دلہن نے شادی کے چند ہی گھنٹوں بعد خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق ہرشیتا نامی دلہن کی شادی کرناٹک کے رہائشی سے بڑی دھوم دھام سے ہوئی۔ دولہا دلہن دونوں خوش دکھائی دے رہے تھے، شادی کے بعد دونوں دلہن کے گھر پر ہی موجود تھے، جہاں دیگر رسموں کی تیاریاں جاری تھیں۔
اسی دوران دلہن کمرے میں گئی اور دروازہ اندر سے بند کر لیا، کافی دیر دستک کے بعد دروازہ نہیں کھلا تو گھر والے اور رشتے دار دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو لڑکی کی لاش کو چھت سے جھولتا ہوا پایا۔
ہرشیتا نے کمرے میں خود کو بند کرنے کے بعد پھندا لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
اہلخانہ نے فوراً اُسے سرکاری اسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دے دیا، اس اچانک اور اندوہناک واقعے نے دونوں خاندانوں کو غم سے نڈھال کر دیا۔
خودکشی کی وجہ واضح نہیں ہوسکی، شادی کی تصاویر میں ہرشیتا خوش اور مسکراتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جس سے اندازہ لگانا مشکل ہے کہ وہ ذہنی دباؤ میں تھی یا نہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا جبکہ دونوں خاندانوں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں تاکہ اس سانحے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔