سندھ حکومت نے جشن آزادی پر معرکہ حق کے تحت خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی سے زیرو پوائنٹ تھرپارکر تک آزادی ٹرین سفاری چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں ایم ڈی سیاحت فیاض شاہ نے آزادی ٹرین سے متعلق بریفنگ دی۔
ترجمان کے مطابق خصوصی ٹرین 13 اگست کو کراچی سے روانہ ہوگی اور 14 اگست کو واپس کراچی پہنچے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ آزادی ٹرین کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ سے ہوتی ہوئی تھر پارکر پہنچے گی، آزادی ٹرین کے شرکاء ہر اسٹیشن پر عوام میں قومی پرچم تقسیم کریں گے۔
اس حوالے سے وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ خصوصی آزادی ٹرین کا مقصد جشن آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منانا ہے۔