کینیڈا میں تعینات ہائی کمشنر آف پاکستان محمد سلیم نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے بارے میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات ناصرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کی حمایت کرے۔
ہائی کمشنر محمد سلیم کینیڈا کے دارالحکومت اٹاوہ میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
اس موقع پر بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اُجاگر کیا گیا۔
کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اس کے علاوہ ٹورانٹو، مونٹریال اور وینکوور میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔