پشاور ( آن لائن ) اسلامی جمعیت طلبہ نے پی ایم ڈی سی کی جانب سے انٹری ٹیسٹ فیس میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے عدالتی چارہ جوئی اور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا اسفندیار عزت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ فیس میں اضافہ واپس لیا جائے، پی ایم ڈی سی طلبہ و طالبات کو انٹری ٹیسٹ کے ذریعے لوٹنے کا سلسلہ بند کرے۔میڈیکل انٹری ٹیسٹ کی فیس کو رواں سال 8 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار کرنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حقیقت میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پر ایک ہزار روپے سے زیادہ خرچ نہیں آتا، اس کے باوجود طلبہ سے ہزاروں روپے فیس لینا ناقابلِ قبول ہے۔ اسفندیار عزت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایم ڈی کیٹ فیس میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، اور میڈیکل انٹری فیس میں نمایاں کمی کرکے طلبہ پر رحم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس ظالمانہ فیصلے کو واپس نہ لیا گیا تو اسلامی جمعیت طلبہ نہ صرف عدالت سے رجوع کرے گی بلکہ صوبہ بھر میں احتجاج بھی کیا جائے گا۔