پشاور (جنگ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع اللہ جان نے اتوار کے روز وومن اینڈ چلڈرن لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کی نئی زیر تعمیر عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران معاونِ خصوصی کو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور مجموعی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا باریک بینی سے معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی ڈھانچے، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبہ جات میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔شفیع جان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ معیارات اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت میموریل ہسپتال کی تعمیر کیلئے مزید 14 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں اور حکومت اس منصوبے میں فنڈز کی کمی نہیں آنے دے گی۔