• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ایم یو اورفلسطین میڈیکل اکیڈمی برطانیہ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور اورفلسطین میڈیکل اکیڈمی ( پالمیڈ اکیڈمی) بولٹن، برطانیہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے، جس کا مقصد فلسطینی طلباء کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی وتحقیقی شعبہ جاتِ صحت میں سائنسی و تکنیکی تعاون فراہم کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت خیبر میڈیکل یونیورسٹی فلسطین سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، بشمول انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل طلباء، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبۂ صحت کے دیگر ماہرین کے لئے تدریسی سہولیات فراہم کرے گی۔ مفاہمتی یادداشت پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور پالمیڈ اکیڈمی کے پروفیسر ڈاکٹر محمود لوبانی نے دستخط (آن لائن) دستخط کئے، صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ معاہدے میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں علم، مہارت اور تعلیمی تجربات کے تبادلے کیلئے مل کر کام کریں گے۔ اس شراکت میں مشترکہ ہیلتھ کیئر ٹریننگ پروگرامز، کانفرنسز، سیمینارز، سمپوزیمز، ورکشاپس اور قومی و بین الاقوامی صحت کے موضوعات پر لیکچرز شامل ہیں۔ مزید برآں منتخب شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبے اور ریسرچ طلباء کی نگرانی بھی اس معاہدے کا حصہ ہیں۔ دونوں فریقین نے اس امر کا عزم ظاہر کیا ہے کہ تمام مشترکہ سرگرمیاں قومی و بین الاقوامی اخلاقی معیارات اور ریگولیٹری فریم ورکس کے مطابق انجام دی جائیں گی۔ معاہدہ پانچ سال تک نافذ العمل رہے گا، تاہم کسی بھی فریق کی جانب سے چھ ماہ کا تحریری نوٹس دے کر اسے قبل از وقت ختم کیا جا سکے گا۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکمتِ عملی پر مبنی شراکت صحت کی تعلیم، تربیت اور تحقیق میں عالمی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو طبی سائنس کی ترقی اور صحت کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم کا دل اہل فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلوم اور مجبور مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں اہل غزہ کا ہر طرح سے ساتھ دینا انسانیت اور ایمان کا تقاضا ہے۔
پشاور سے مزید