بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کے ون ڈے کرکٹ سے بھی الگ ہونے کی خبریں پھر سامنے آنے لگیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی اور روہت شرما کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کھیلنے کا امکان نہیں ہے، ان دونوں کھلاڑیوں کی آسٹریلیا کے خلاف الوداعی سیریز ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کی طرح اب ون ڈے ٹیم بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دیکھنا چاہتا ہے، اس سلسلے میں ورلڈ کپ تک کھیلنے کی خواہش رکھنے کے لیے ان دونوں کرکٹرز کو دسمبر میں وجے ہزارے ٹرافی کھیلنا ہوگی۔
اس سال کے آغاز میں کرکٹرز کو رانجی ٹرافی بھی کھیلنے کا کہا گیا تھا، کرکٹرز رانجی ٹرافی کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیکٹرز کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کے ارد گرد ٹیم رکھنے کی وجہ سے سینئر کرکٹرز الگ ہوسکتے ہیں۔ ویرات کوہلی اور روہت شرما نے خاموشی اختیار رکھی تو سمجھا جائے گا کہ وہ ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز اکتوبر میں کھیلنی ہے۔