پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کی ٹیم کو تیسرے ٹی 20 میچ میں شکست دے دی۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کی فتح میں منیبہ علی کی شاندار اور ناقابلِ شکست سنچری نے نمایاں کردار نبھایا۔
ویمن کرکٹر منیبہ علی نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں یہ دوسری سنچری اسکور کی ہے، وہ مختصر طرز کی کرکٹ میں سنچری بنانے والی پہلی خاتون ہیں۔
منیبہ علی نے آئر لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 68 گیندوں پر سنچری اسکور کی جبکہ عالیہ ریاض 39 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں، قومی ٹیم 8 وکٹ سے فتح یاب ہو گئی۔
میچ میں آئر لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹ پر 155 رنز بنائے، آئرش پلیئر اور لاپینڈر گاسٹ نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی فاطمہ ثناء، رامن شمیم، سعدیہ اقبال اور وحیدہ اختر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، میچ میں فتح کے باوجود 3 میچز کی سیریز 2-1 سے آئر لینڈ کے نام رہی۔