نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سیپکو اور حیسکو پر مجموعی طور پر ساڑھے 9 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔
نیپرا نے سیپکو اور حیسکو پر نقصانات کم نہ کرنے اور ریکوری میں بہتری نہ لانے پر جرمانے عائد کیے ہیں۔ پولز کی ارتھنگ اور حفاظتی معیارات سے متعلق عملدرآمد نہ کرنے پر بھی جرمانہ لگائے گئے ہیں۔
نیپرا نے 4 مختلف فیصلوں پر سیپکو اور حیسکو کے چیف ایگزیکٹیو افسرز کو احکامات بھجوا دیے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیپرا نے سیپکو پر 3 مختلف فیصلوں کے تحت 7 کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ حیسکو پر 24- 2023ء میں نقصانات کم نہ کرنے، ریکوری میں بہتری لانے میں ناکامی پر 2.5 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ سیپکو پر نقصانات کم نہ کرنے، ریکوری میں بہتری لانے میں ناکامی پر 5 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سیپکو پر 1 کروڑ روپے کا جرمانہ حفاظتی معیارات سے متعلق عملدرآمد میں ناکامی اور 1 کروڑ روپے کا جرمانہ پولز کی ارتھنگ میں ناکامی پر لگایا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سیپکو اور حیسکو 15 روز میں جرمانے کی رقم نامزد کردہ بینک میں جمع کرائیں۔
حکم نامے کے مطابق سیپکو اور حیسکو شوکاز نوٹسز کے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے جبکہ سیپکو نیپرا قوانین پر عمل درآمد کرانے میں بھی ناکام رہا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سیپکو اپنے انتظامی علاقے میں 100 فیصد پولز کی ارتھنگ کرنے سے متعلق ناکام رہا۔