لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صحت کے تمام منصوبوں کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی کوشش کر رہی ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں صحت کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ لاہور، سنٹر آف ایکسی لینس فار نرسنگ ایجوکیشن راولپنڈی، میڈیکل کالج اوکاڑہ، میڈیکل کالج بہاول نگر میں اکیڈمک بلاک اور ہوسٹلز کا قیام، چلڈرن ہسپتال راولپنڈی کا قیام، ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا قیام، شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں اور بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور میں برن یونٹس کا قیام، ٹیچنگ ہسپتالوں میں کری ٹیکیل سروسز میں اضافہ و دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت حلقہ پی پی 153 میں جاری ترقیاتی سکیمو ں کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر حلقہ پی پی153سے سید اخلاق حسین، عبدالوہا ب، حافظ محمد علیم، سابق چیئرمین جہانگیر خان درانی، سابق وائس چیئرمین عنایت احمد، سابق چیئرمین میاں راشد، عامر ہمایوں اور عمر یونس موجود تھے۔