بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے نوجوان کو آر سی بی کے کپتان کا پرانا نمبر مل گیا، ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز کی کالز آنے لگیں۔
کرکٹ کے دیوانوں کے لیے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں سے بات کرنا ایک خواب ہوتا ہے، اگر آپ کرکٹ کے متوالے ہیں تو تصور کریں کہ آپ کو اچانک ایک کے بعد ایک لیجنڈری کرکٹرز کی کالز آنا شروع ہوجائیں تو آپ کا ردعمل کیسا ہوگا؟
آپ کو خود پر بھروسہ نہیں ہوگا، آپ حیران ہوں گے کہ کوئی بھی کرکٹر آپ کو ہی کیوں کال کرے گا؟ آپ غالباً یہ سوچیں گے کہ یہ آپ کے کچھ دوستوں کا مذاق ہے۔
بھارت میں ریاست چھتیس گڑھ کے نوجوان کے لیے ایک حیرت انگیز واقعہ بالی ووڈ فلم کے اسکرپٹ جیسا معلوم ہوا، جب اس نے قریبی اسٹور سے نیا سم کارڈ خریدا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ منیش نئی سم خریدنے کے بعد جب واٹس ایپ سیٹ کر رہا تھا تو اس کے دوست نے نوٹ کیا کہ پروفائل تصویر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان رجت پٹندر کی ہے، لیکن انہوں نے اس پر زیادہ توجہ نہ دی۔
کچھ ہی دنوں بعد منیش کو مسلسل کالز آنے لگیں، جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دوسری طرف ویرات کوہلی، اے بی ڈی ویلیئرز، یش دیال اور دیگر آر سی بی کھلاڑی ہیں، تو بھی منیش نے زیادہ توجہ نہیں دی اور دوستوں کا مذاق سمجھ کر اسے نظرانداز کردیا، یہ سلسلہ تقریباً دو ہفتے تک چلتا رہا۔
بعدازاں رجت کو احساس ہوا کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی کھو چکے ہیں، جس پر انہوں نے مدھیہ پردیش سائبر سیل میں شکایت درج کروائی۔
تفتیش میں پتہ چلا کہ کمپنی پالیسی کے تحت 6 ماہ سے غیر فعال نمبرز کو نئے صارفین کو دے دیا جاتا ہے اور یہی نمبر منیش کو الاٹ کیا گیا تھا، بعد میں پولیس نے یہ نمبر واپس رجت کو دے دیا۔