بھارتی ریاست راجستھان کے شہر داؤسا میں یاتریوں کو لے جانے والی پک اپ وین کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور 4 خواتین سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے مغربی ضلع داؤسا میں خوفناک حادثہ اِس وقت پیش آیا جب یاتریوں سے بھری ایک پِک اَپ گاڑی سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
واقعہ صبح کے وقت پیش آیا جب یہ افراد سلسر بالاجی مندر سے درشن کے بعد واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔
عینی شاہد اور حادثے میں بچ جانے والے ایک فرد سنتوش کمار نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تمام لوگ مذہبی یاترا مکمل کرکے لوٹ رہے تھے کہ اچانک یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور رفتار پر قابو نہ رکھ پانا بتائی جارہی ہے۔