ایران کے جوہری پروگرام پر پابندیوں سے متعلق برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے لکھے گئے خط پر ایران کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ اگر اقوامِ متحدہ ایران پر دوبارہ عالمی پابندیاں عائد کرتا ہے تو پارلیمنٹ ایٹمی عدم پھیلاؤ معاہدے (NPT) سے علیحدگی اختیار کرنے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے یہ بیان برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو لکھے گئے مشترکا خط کے بعد سامنے آیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اگر اگست کے اختتام تک ایران کے جوہری پروگرام پر کوئی سفارتی حل نہ نکلا تو وہ یو این اسنیپ بیک میکانزم کے تحت ایران پر پابندیاں بحال کر دیں گے۔
تینوں ممالک نے کہا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے تمام سفارتی ذرائع بروئے کار لائیں گے۔