نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جشن آزادی کے موقع پر پاکستان زندہ آباد کا نعرہ بلند کرتے ہوئے پوری قوم کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم سب کے آبا و اجداد کو خراجِ عقیدت جن کی قربانیوں سے پاکستان وجود میں آیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک’لا الہٰ الااللّٰہ، محمد رسول اللّٰہ‘ کے پرچم تلے متحد ہیں، کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔ آزادی کے تحفظ کے لیے سرحدوں کا دفاع، سچائی، انصاف، وقار کے اصولوں کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی پاکستان کو ایک ذمہ دار، امن پسند ملک کے طور پر پیش کرتی رہے گی۔ ہماری خارجہ پالیسی شراکت داری مکالمے کے ذریعے تنازعات حل کرنے میں کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کہ متحد رہیں، جمہوری اقدار کی حفاظت کریں۔ ایک مضبوط، باوقار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اور عوام کے اُس عزم کو سراہتا ہوں جنہوں نے مل کر ہماری خود مختاری کا دفاع کیا۔ یہ اجتماعی ثابت قدمی ہماری عسکری تیاری کی مظہر اور مؤثر خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان باہمی احترام، علاقائی سکون اور امن پر مبنی سفارتکاری کے عزم پر قائم ہے۔ آج ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ پاکستان کے عالمی وقار کو مزید بلند کریں گے، اپنے اسٹریٹجک اور معاشی مفادات آگے بڑھائیں گے اور ایک پُرامن ہمسائیگی کو فروغ دیں گے۔