بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی یومِ آزادی کے موقع پر سیاسی نُکات کے بجائے اپنی قوم کو صحت کے مسائل پر لیکچر دینے لگے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یومِ آزاد کے موقع پر نریندر مودی نے اپنی سیاسی تاریخ کا طویل ترین 103 منٹ پر مبنی خطاب کر ڈالا۔ اس دوران انہوں نے بھارتیوں کو پیغام دیتے ہوئے اِنہیں اپنی صحت کی فکر کرنے پر زور دیا۔
بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا کہ آنے والے برسوں میں موٹاپا ہمارے ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، اگر ہر خاندان کھانے کے تیل کے استعمال میں صرف 10 فیصد کمی کر دے تو یہ پوری قوم کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
مودی نے اپنے خطاب کے دوران موٹاپے سے نمٹنے کو ذاتی ذمہ داری اور اجتماعی مشن قرار دیا۔
بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں موٹاپا تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کی بنیادی وجہ غیر متحرک طرزِ زندگی اور غیر متوازن خوراک ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹ میں شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ایک سروے کے نتائج میں انکشاف ہوا ہے کہ 24 فیصد بھارتی خواتین اور 23 فیصد مرد زائد وزن یا موٹے کا شکار ہیں جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہروں میں موٹاپے کی شرح زیادہ ہے لیکن دیہی علاقوں میں بھی یہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔