خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتِ حال سے قیمتی جانی نقصان کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 اور 17 اگست کو معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کے حوالے سے تقریب ملتوی کر دی گئی۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کی ہدایت پر ایف نائن پارک میں ہونے والا پروگرام ملتوی کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ متاثرہ افراد سے اظہارِ یکجہتی اور ریلیف کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات نے یہ بھی کہا ہے کہ آزادی کی تقریبات مزید جوش و جذبے سے بعد میں منعقد کی جائیں گی۔