وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ مصیبت زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں کوئی وفاقی، کوئی صوبائی حکومت نہیں ہے، ہمیں متاثرہ لوگوں کی مدد اور بحالی یقینی بنانی ہے، یہ سیاست کا نہیں، خدمت کا اور لوگوں کے دکھوں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق افراد کے ساتھ متاثرین کو بھی وزیراعظم پیکج کے تحت امدادی رقوم دے گی۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم اور بحالی کے آپریشن کی نگرانی وزیر امور کشمیر کریں گے۔ اسی طرح بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بحالی کی نگرانی متعلقہ وفاقی وزراء کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام متعلقہ وزراء خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان خود جائیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی این (NHA) شاہراہوں کی بحالی میں صوبائی یا قومی شاہراہوں میں تخصیص نہ کرے۔
انہوں نے بتایا کہ امداد کےلیے راستے کھولنا پہلی ترجیح رکھی جائے، متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں، پلوں کی مرمت یقینی بنائیں، وزیرِ مواصلات خود جا کر نگرانی کریں۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ وزیر بجلی متاثرہ علاقوں میں خود جا کر بجلی کا نظام ترجیحی بنیادوں پر بحال کروائیں۔
انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے فوری طور پر نقصانات کا حتمی جائزہ پیش کرے ساتھ ہی خیبر پختونخوا میں امدادی اشیاء کی تقسیم کا جامع لائحہ عمل دے۔
وزارتِ خزانہ کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت کو این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل فراہم کرے۔ وزرات صحت ادویات اورڈاکٹرز کی ٹیموں کو کےپی بھیجے اور طبی کیمپس لگائے جائیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آخری شخص کی مدد اور انفرااسٹرکچر کی بحالی تک متعلقہ وفاقی وزراء متاثرہ علاقوں میں رہیں گے۔