پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر اہلیان ہیوسٹن نے شاندار اور تاریخی جشن منایا جس میں سیکڑوں پاکستانی و غیر ملکی شہری پاکستان ایکٹ (آرٹ، کلچر اینڈ ٹیسٹ) فیسٹیول 2025 میں شریک ہوئے۔
فیسٹیول کا مرکزی عنوان معرکۂ حق تھا۔ یہ فیسٹیول پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن، قائداعظم فاؤنڈیشن اور دیگر کمیونٹی تنظیموں کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا جس میں رنگا رنگ ثقافتی جھلکیاں اور پاکستانی روایات کی خوبصورت نمائش نے شرکا کو مسحور کر دیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان سعید شیخ تھے، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو ملک کا اصل سفیر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے معاشی استحکام میں ہے، جبکہ معرکۂ حق کی قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ایک خود مختار اور خودکفیل پاکستان ہی ہماری منزل ہے۔
ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے بھی کمیونٹی کی بھرپور شمولیت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہیوسٹن امریکی پاکستانی کمیونٹی کا سب سے مضبوط اور فعال مرکز ہے۔
تقریب کا سب سے تاریخی لمحہ وہ تھا جب ہیوسٹن کے میئر جان وٹ مائر کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا گیا کہ ہیوسٹن میں پاکستان ایکٹ فیسٹیول ڈے منایا جائے گا۔ مئیر ہیوسٹن کا یہ پروکلیمیشن، جس کا عنوان تھا “آرٹ، کلچر اینڈ ٹیسٹ پاکستان فیسٹیول اِن ہیوسٹن، پاکستان کا 78واں یوم آزادی، جسکو میئر آفس کی چیف آف انٹرنیشنل افیئرز جی جی لی نے پڑھ کر سنایا۔
اس میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر اور فیسٹیول کے کو آرڈینیٹر محمد سعید شیخ نے کہا کہ ایکٹ فیسٹیول کا مقصد پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا اور معرکۂ حق کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے، یہ پروکلیمیشن دراصل پاکستان کی ثقافتی ڈپلومیسی کی پہچان ہے۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر سراج نرسی نے کہا کہ اس فیسٹیول نے پاکستانی کمیونٹی کو ایک چھت تلے جمع کر کے معرکۂ حق کی روح کو زندہ کر دیا ہے، یہ روایت آئندہ برسوں میں بھی جاری رہے گی۔
فیسٹیول میں معرکۂ حق پر دستاویزی فلم، پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت پر مبنی ڈاکیومنٹری، پاکستان کی تاریخ پر مبنی ویڈیو، سول ایوارڈ یافتگان کو خراجِ تحسین، صوبائی رقص، بچوں کے لیے پلے لینڈ، دستکاری، جیولری، ملبوسات اور کھانوں کے اسٹالز بھی سجائے گئے جبکہ پاکستانی آموں کی مٹھاس نے بھی مہمانوں کو محظوظ کیا۔
ترکش ایئر لائنز نے اس موقع پر دو ریٹرن ٹکٹوں کی رافل ڈرا اسپانسر کیے جس کو جمال حمزہ نے پیش کیا۔
اس شام کی نظامت نبیل اسحاق اور ریڈیو اینکر ریحان احمد نے کی جنہوں نے پرجوش انداز میں پروگرام کو جاری رکھا جبکہ اختتام پاکستان کے معروف گلوکار تحسین جاوید کی جاندار موسیقی پر ہوا جن کی آواز نے سامعین کو جھومنے پر مجبور کر دیا اور جشن آزادی کا یہ پروگرام ایک ناقابل فراموش یادگار بن گیا۔