برطانیہ کا سرکاری دورہ کرنے والے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہمیش فالکنر سے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس لندن میں ملاقات کی، اس موقع پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ سیاسی، اقتصادی، ماحولیات اور عوامی روابط کو گہرا کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقتصادی اصلاحات کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام سمیت علاقائی پیشرفت کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر کا اظہار کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین مثبت تعلقات کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے موجودہ تعلقات کو مزید متحرک کرنے اور اسٹریٹجک تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطح روابط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔