• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے وفاقی کابینہ کا 1 ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان



فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی 

وزیرِاعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وفاقی اداروں کو مزید متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

سیلاب کے متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں کوئی وفاقی یا صوبائی حکومت نہیں، ہمیں متاثرین کی مدد و بحالی یقینی بنانی ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) شاہراہوں کی بحالی میں صوبائی یا قومی شاہراہوں میں فرق نہ کرے، امداد کے لیے راستے کھولنا پہلی ترجیح ہونی چاہیے، وفاق جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور متاثرین کو وزیرِ اعظم پیکیج کے تحت امدادی رقوم بھی دے گا۔

وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کو این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل فراہم کرنے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بھی متاثرین کی مدد کیلئے متحرک ہونے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم اور بحالی کے آپریشن کی نگرانی وزیر امور کشمیر کریں گے، بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بحالی کی نگرانی متعلقہ وفاقی وزراء کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام متعلقہ وزراء خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان خود جائیں۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بتایا کہ مون سون کے مزید دو اسپیل باقی ہیں، آٹھواں اسپیل 23 سے 30 اگست جبکہ نواں یکم سے 10 ستمبر تک جاری رہے گا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کے نئے اسپیلز میں مزید کلاؤڈ برسٹ اور گلیشیئرز پگھلنے کے خدشات ہیں۔ 

قومی خبریں سے مزید