• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ایک ماہ، کابینہ ارکان کی 15 دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کو دینے کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور : فائل فوٹو
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور : فائل فوٹو 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک ماہ اور کابینہ ارکان کی 15 دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کو دینے کا اعلان کردیا۔

ارکان صوبائی اسمبلی کی 7 دن، اسکیل 17 اور اوپر کے ملازمین کی دو دن اور ایک سے 16 اسکیل تک کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کو دینے کا اعلان کردیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عطیات کے شفاف استعمال کے لیے پی ڈی ایم اے میں خصوصی اکاؤنٹ کھولا جائے گا، فنڈ کی ایک، ایک پائی کا حساب رکھا جائےگا اور تمام تفصیلات سے عوام کو آگاہ رکھا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے کمشنر مردان ڈویژن اور دیگر حکام سے رابطہ کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر صوابی کو متاثرہ علاقے پہنچ کر ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کرنے  کی ہدایت  کی۔

خیال  رہے کہ پشاور، مردان، صوابی، ایبٹ آباد سمیت خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں بارش، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی ہوئی ہے، صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے پندرہ افراد ریلے میں بہہ گئے۔

سیلابی ریلا گاڑیاں بھی بہا لے گیا، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، کرنل شیر ندی میں ڈوبنے والے دو افراد کی تلاش جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستے بند ہیں، مردان میں بارش سے کئی علاقے زیرِ آب ہیں۔

قومی خبریں سے مزید