• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی صدر نے یوکرین کی سیکیورٹی ضمانت منظور کرلی، ڈونلڈ ٹرمپ

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کی سیکیورٹی ضمانت منظور کرلی، کوشش کریں گے کہ امریکا، روس اور یوکرین مل کر کام کریں۔

وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر سے ملاقات کے بعد یورپی رہنماؤں اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم سب پائیدار امن کے لیے کام کرنے کے ساتھ فوری جنگ بندی کو ترجیح دیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس یوکرین امن معاہدہ مستقبل قریب میں ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر یوکرینی صدر نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے سیکیورٹی ضمانتوں سمیت حساس معاملات پر بات کی، ہم سب اس جنگ کو ختم کرنا اور روس کو روکنا چاہتے ہیں۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ اہم یہ ہے کہ امریکا سیکیورٹی سے متعلق مضبوط سگنل دے، صدر ٹرمپ امریکا، روس، یوکرین سہ فریقی ملاقات کروانے کی کوشش کریں گے، یوکرین کو خوشی ہوگی کہ صدر ٹرمپ روس یوکرین رہنماؤں کی ملاقات میں شامل ہوں۔

اس سے قبل یوکرینی صدر زیلنسکی وائٹ ہاؤس پہنچے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں جنگ سب کے لیے بہتر انداز میں ختم ہو، میرا خیال ہے روسی صدر بھی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین میں جنگ روکنے کا اچھا موقع ہے، یوکرین کے لوگوں کی خوشحالی چاہتے ہیں، معاملات ٹھیک رہے تو یوکرین اور روسی صدور کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کریں گے، نہیں چاہتا کہ معاملہ سال دو سال کے لیے حل ہو اور پھر لڑائی شروع ہو جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید