• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں 15 سالہ لڑکی کے معدے سے 2 کلو بالوں کا گچھا نکال لیا گیا

تصویر:چینی میڈیا
تصویر:چینی میڈیا

چین میں ڈاکٹروں نے 15 سالہ لڑکی کے معدے سے 2 کلو وزنی بالوں کا گچھا (ہیئر بال) نکال لیا، جو وہ 6 سال سے اپنے ہی بال کھانے کی عادت کے باعث نگلتی آ رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق چین کے صوبے ہینان سے تعلق رکھنے والی لڑکی نی نی شدید پیٹ درد کے باعث اپنی والدہ کے ساتھ چلڈرن اسپتال پہنچی، ڈاکٹروں کے مطابق نی نی شدید خون کی کمی (انیمیا) کا شکار تھی اور مسلسل پیٹ درد کے باعث کھانا بھی نہیں کھا پا رہی تھی۔

 معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ اس کے معدے میں بالوں اور کھانے کے ذرات سے بنا ایک بڑا گولا تقریباً پورے معدے پر قابض ہو چکا ہے۔

ڈاکٹروں نے آپریشن کے بعد معدے سے 2 کلو وزنی ہیئر بال نکال لیا، سرجری کے وقت معلوم ہوا کہ اس کا معدہ عام سائز سے دگنا پھول چکا تھا۔

 5 دن بعد نی نی نے دوبارہ کھانا شروع کر دیا اور چیک اپ کے دوران بتایا گیا کہ وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو چکی ہے، اسپتال سے رخصتی کے وقت اس نے شکریہ کے طور پر ڈاکٹرز کو مٹھائیوں سے بنا گلدستہ پیش کیا۔

ماہرین کے مطابق یہ بیماری Trichophagia کہلاتی ہے جس میں مریض غیر غذائی اشیاء مثلاً بال یا شیشہ وغیرہ کھانے کی عادت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

 ڈاکٹروں نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ اگر بچے ایک ماہ سے زائد عرصے تک غیر غذائی اشیاء کھانے کی عادت کو ترک نہ کر سکیں تو فوراً طبی معائنہ کرائیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید