امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے وزراء مزے لے رہے ہیں، کراچی کو تباہ کردیا ہے۔
کراچی میں بارشوں کے دوران اور اس کے بعد کی صورتحال سے متعلق انہوں نے کہا کہ شہر کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار نہیں کیا جاسکتا، حکومت نے 7 کروڑ روپے نالوں کی صفائی کیلئے مختص کئے لیکن کام نہیں ہوا۔
منعم ظفر نے کہا کہ لیاری ندی، گجر نالوں کا پانی سمندر کے بجائے الٹا باہر آرہا تھا، گجر نالہ، اورنگی نالہ اوور فلو ہو رہا تھا، ہمارے ٹاؤنز کے اندر انٹر نالوں کی صفائی کی گئی، پمپس سے پانی نکالنے کا کام کرتے رہے لیکن پانی نکال کر ڈالیں کہاں؟
انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل سڑک ایک سال سے کھدی ہوئی ہے، سعید غنی سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، ڈیولپمنٹ کے نام پر ٹاؤنز کو ایک پیسہ نہیں دیا گیا ہے، ہم اپنے ریسورسز کے ذریعے سارا کام کر رہے ہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ گورنر ایم کیو ایم کا حصہ ہیں، وہ وفاق سے بات کریں، کے 4 منصوبہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی مکمل نہیں کرسکی، یہ ان کی نااہلی ہے۔ گلشن ٹاؤن میں ریڈ لائن منصوبے کیلئے تمام نالے توڑ دیے گئے ہیں، سیوریج تباہ ہے، شہر میں بااختیار بلدیاتی نظام ہونا چاہیے۔