• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے 3 ارب سے زائد رقم کمپنی سے لے کر فراڈ کے شکار متاثرین کو دلوادی

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے شہریوں سے فراڈ کرنے والی کمپنی کے 17 ہزار 500 متاثرین کو ادائیگیاں شروع کردیں، 3 ارب سے زائد کی رقم متاثرین میں تقسیم کی گئی۔

متاثرین میں وصول شدہ رقوم کے چیک کی تقسیم کےلیے خصوصی تقریب میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ ملزمان سے 100 فیصد لوٹی ہوئی رقم وصول کر کے متاثرین کو واپس کرنا نصب العین ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ آئندہ متاثرین کو اپنی رقم وصول کرنے کےلیے نیب دفاتر آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، رقم ان کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقل کر دی جائے گی، اب تک 10 ہزار متاثرین کو مکمل رقم ادا کی جا چکی ہے، یہ پاکستان کے سب سے بڑے مالیاتی فراڈز میں سے ایک ہے۔

نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملزمان نے شیل کمپنیوں کے ذریعے آن لائن فراڈ اسکیم کے طور پر چلایا، فراڈ اسکیم کے تحت عوام سے 7 فیصد ماہانہ منافع کے وعدے کے تحت اربوں روپے جمع کیے گئے۔

نیب نے اس معاملے کی تحقیقات 5 فروری 2021 کو شروع کیں،  تحقیقات کے دوران نیب نے ملزمان کے 56 بینک اکاؤنٹس، جائیدادوں اور دیگر اثاثوں کو منجمد کیا، نیب نے آن لائن ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرکے متاثرین کے دعووں کی تصدیق بھی کی۔

قانونی کارروائیوں کے نتیجے میں 7.3 ارب روپے کی ریکوری کا عمل شروع کیا گیا، ابتدائی مرحلے میں 3.7 ارب روپے کی رقم 17,500 متاثرین میں تقسیم کی جا رہی ہے، اب تک 10,000 متاثرین کو مکمل رقم ادا کی جا چکی ہے، باقی 7,500 متاثرین کو ان کی رقم کا 40 فیصد ابھی دیا جا رہا ہے، بقیہ 60 فیصد رقم ملزمان کی جائیدادوں کی نیلامی کے بعد چھ ماہ کے اندر ادا کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید