کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کےالیکٹرک کے دفتر کے باہر بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرین نے انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
کراچی میں منگل کے روز شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے ساتھ ہی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ تین روز تک کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم رہے۔
طویل دورانیے کی بجلی کی بندش سے پریشان گلستانِ جوہر کے رہائشی ناچ اُٹھے، جس کی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ گلستانِ جوہر کے بلاک 9 کے شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
مظاہرین کے مطابق گلستان جوہر بلاک 9 میں 85 فیصد سے زیادہ بلنگ ہونے کے باوجود بارشوں کے دوران 56 گھنٹوں سے زائد بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈھول کی تھاپ پر احتجاج کرنے کا مقصد انتظامیہ کو شرم دلانہ ہے۔