• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل مریم نواز کے سامنے اُجاگر کیے، ملک یونس

مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا ہے کہ انہوں نے مریم نواز کے حالیہ جلسے کے دوران اپنے خطاب میں جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل بھرپور انداز میں اُجاگر کرکے اپنا قومی اور کمیونٹی فریضہ ادا کیا ہے۔

روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک یونس نے کہا کہ جاپان میں رہنے والے پاکستانی طویل عرصے سے مختلف مشکلات کا شکار ہیں جن میں سب سے نمایاں مسئلہ پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس اہم معاملے کو مریم نواز کے سامنے پیش کیا تاکہ قومی ایئرلائن کی بحالی کا کوئی مؤثر اور مستقل حل تلاش کیا جا سکے، کیونکہ پی آئی اے کی بندش کی وجہ سے جاپان میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کو اپنے وطن آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے ڈرائیونگ لائسنسوں سے متعلقہ مسائل بھی بڑے عرصے سے کمیونٹی کے لیے دردِسر بنے ہوئے ہیں، جنہیں انہوں نے جلسے میں مؤثر انداز میں اٹھایا۔ 

ملک یونس نے کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں مریم نواز جیسی مدبر اور عوام دوست قیادت ملی جنھوں نے ناصرف جاپان کمیونٹی کے مسائل کو توجہ سے سنا بلکہ ان کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل کو اہمیت دیتی آئی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

قومی خبریں سے مزید