چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کی حراست پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ جب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تناؤ ختم ہو تو گرفتاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔
ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے فیملی ممبرز کو گرفتار کر کے سیاسی تناؤ پیدا کیا جا رہا ہے، کل علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو گرفتار کیا گیا اور آج دوسرے بیٹے کو بھی کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو آئیسولیٹ کیا جا رہا ہے، اِنہیں اخبار نہیں دیے جا رہے، اِن حرکتوں سے عوام میں نفرت میں اضافہ ہو گا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانیٔ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی لاہور سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو گھر سے کچھ فاصلے سے حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے، شیر شاہ کو جب حراست میں لیا گیا تو وہ والد کے ساتھ عدالت سے واپس آ رہے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق حراست میں لینے والے وہی تھے جہنوں نے کل علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہریز کو پکڑا تھا، گرفتاری کرنے والوں کے ساتھ پولیس بھی موجود تھی۔