• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: دوسری کلاس کی بچی اسکول میں بند، پوری رات سر کھڑکی میں پھنسا رہا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اڑیسہ کے اسکول میں دوسری جماعت کی بچی پوری رات بند رہی، باہر نکلنے کی کوشش میں اپنا سر کھڑکی میں پھنسا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اڑیسہ کے ضلع کیونجھر میں ایک 8 سالہ بچی کے ساتھ خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں وہ اسکول کے اندر ہی بند ہو گئی اور پوری رات کلاس روم میں قید رہی۔

اسکول میں شام کی کلاسز ختم ہونے کے بعد سرکاری اسکول کے عملے نے کمرہ بند کردیا، مگر  یہ دیکھنے کی زحمت نہیں کی کہ اسکول میں کوئی بچہ رہ تو نہیں گیا۔

اسکول میں دوسری جماعت کی طالبہ جوتسنا دہوری اندر ہی موجود تھی اور عملہ اسکول کے دروازے بند کرکے جا چکا تھا، بچی کے والدین پوری رات اس کی تلاش میں سرگرداں رہے لیکن وہ نہیں ملی۔

اس دوران بچی نے باہر نکلنے کی کوشش کی اور کھڑکی کی سلاخوں کے بیچ سے گزرنے لگی، جس پر اس کا جسم باہر نکل آیا، مگر اس کا سر سلاخوں میں پھنس گیا اور وہ اسی تکلیف دہ حالت میں پوری رات پڑی رہی۔

صبح جب اسکول کا تالہ کھولا گیا تو بچی اندر موجود تھی، چوکیدار نے گاؤں والوں کو بتایا جس کے بعد بچی کے والدین اور دیگر لوگوں نے مل کر سلاخیں کاٹ کر بچی کو باہر نکالا اور اسپتال منتقل کردیا، جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو معطل کردیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید