دریائے ستلج میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہونے کے بعد سیالکوٹ اور گجرات کو ممکنہ سیلاب بچانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس لاہور میں دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتِ حال پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سیالکوٹ اور گجرات میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین کابینہ کمیٹی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سلمان رفیق نے کہا کہ 24 گھنٹے میں دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، دریائے ستلج میں سیلاب سے 72 گاؤں متاثر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں دریائے توی سے بڑا ریلہ مرالہ سے دریائے چناب میں داخل ہو گا، دریا کے کناروں سے شہریوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ 17 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، 26 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے ہدایت کی کہ گنڈا سنگھ والا کے اطراف سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔