بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے اپنی کامیابی کا سہرا لیجنڈ گلوکار عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کو دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان کے لیجنڈری گائیک عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کا بہت شکرگزار ہوں کیونکہ ان کے گانوں سے میری پہچان بنی۔
حال ہی میں سونو نگم صحافی فریدون شہریار کے پوڈکاسٹ میں دکھائی دیے، جہاں انہوں نے بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیریئر سمیت مختلف امور پر کھل کر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے کہا کہ میں ہر اس شخص کا شکر گزار ہوں جس کا مجھے یہاں تک (آج جس مقام پر ہوں) پہنچانے میں کردار رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے اپنے کیریئر کی شروعات لیجنڈری گلوکار عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے مشہور گانے ’اچھا صِلہ دیا‘ سے کی تھی، جس نے میری کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی سے ہونے والی پہلی گفتگو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، ’یقینی طور پر وہ (عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی) ایک خوبصورت شخصیت تھے، وہ میری زندگی میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ ابھی میرا کیریئر شروع ہوا تھا، وہ بھی ان کے ہی گانوں سے، تو انہوں نے مجھے کال کی اور کہا کہ مسٹر سونو، میں پاکستان سے عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی ہوں اور میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ نے اسے بہت اچھا گایا ہے‘۔
میں اس وقت صرف 19 سال کا تھا، میں ان تمام لیجنڈ گلوکاروں کے لیے دعا گو ہوں جنہوں نے میری کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا، میں ان کا مقروض ہوں اور ’اچھا صلہ‘ میرے کیریئر کا اہم موڑ تھا۔