• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاور ریاض کی ایوارڈ شوز میں اداکاراؤں کے مغربی انداز اپنانے پر تنقید

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

پاکستان کے معروف اسٹائلِسٹ، فوٹوگرافر اور ٹیلنٹ ہنٹر خاور ریاض نے حال ہی میں ایوارڈ شوز میں پاکستانی اداکاراؤں کے رویے اور مغربی انداز اپنانے پر تنقید کی ہے۔

خاور ریاض نے پاکستانی فیشن اور شوبز انڈسٹری میں کئی بڑے نام متعارف کروائے ہیں، وہ اپنے بے باک مؤقف اور حقیقت پسندانہ تبصروں کے لیے جانے جاتے ہیں، انہوں نے ایک حالیہ گفتگو میں سوشل میڈیا اور دکھاوے کی ثقافت پر بھی کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا نے معاشرے کے تانے بانے بدل دیے ہیں، آج لوگ اپنی اصل زندگی سے زیادہ دکھاوے میں مصروف ہیں، اگر کوئی ریسٹورنٹ جاتا ہے تو وہ کھانے کی تصویریں پوسٹ کرتا ہے، لوگ اپنے مہنگے کپڑے، زیورات اور دولت کا مظاہرہ اس طرح کرتے ہیں جیسے دوسروں کو ترغیب دے رہے ہوں کہ کسی بھی طریقے سے یہ حاصل کرو، یہ عمل اُن لوگوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے جو ان آسائشوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

ایوارڈ شوز سے متعلق بات کرتے ہوئے خاور ریاض نے کہا کہ پاکستانی اداکارائیں مغربی طرز کے لباس پہننے پر تُلی ہوئی ہیں، حالانکہ ان کا فرض ہے کہ وہ اپنے ملک کی ثقافت کی نمائندگی کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں کہ ایوارڈ شوز میں سب اداکارائیں مغربی گاؤنز پہن لیتی ہیں، حالانکہ انہیں پاکستانی اسٹائل میں آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فنکار انگریزی بولنے کی کوشش کرتے ہیں، حالانکہ ناظرین انگریز نہیں، پھر جب کوئی ذرا سی غلطی کرتا ہے تو لوگ اُس کا مذاق اُڑاتے ہیں،  اس کے بجائے انہیں اپنی شناخت پر فخر کرنا چاہیے اور اپنی زبان اور ثقافت کی نمائندگی کرنی چاہیے۔

خاور ریاض کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کچھ صارفین ان کی بات سے مکمل اتفاق کر رہے ہیں جبکہ کچھ نے اسے غیر ضروری تنقید قرار دیا ہے، تاہم بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ خاور ریاض نے وہ بات کہہ دی جو سب محسوس کرتے ہیں مگر کوئی کہتا نہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید