استاد راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کا حصہ بنانے پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس طرح کے فیسٹیولز ہر شہر میں ہونا ضروری ہیں۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ’ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء‘ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور استاد راحت فتح علی خان نے بریفنگ دی۔
سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی اور آرٹسٹ پروموٹر سجاد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے فیسٹیول سے متعلق پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء کا اعلان 4 ماہ پہلے کرنا تھا مگر پاکستان اور بھارت کی جنگ اور بارشوں کی وجہ سے نہیں کر پائے، ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء کا آغاز 30 اکتوبر کو ہو گا، 39 روزہ فیسٹیول 7 دسمبر تک جاری رہے گا، 2024ء میں 38 روزہ فیسٹیول میں 44 ممالک کے فنکاروں نے پاکستان میں پرفارم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 102 ممالک کے 800 سے زائد آرٹسٹ پاکستان آ رہے ہیں جن میں 31 افریقن، 30 ایشین، 26 یورپین ممالک سمیت آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، امریکا، برازیل، ارجنٹینا، میکسیکو، کولمبو، پرتگال، بنگلادیش، بھوٹان، سری لنکا کے آرٹسٹ یہاں پرفارم کریں گے، 20 ملکوں کے پینٹرز بھی آ رہے ہیں، ہم نے اس مرتبہ میوزک، تھیٹر اور ڈانس کے ساتھ فلم کو بھی فیسٹیول میں شامل کیاہے۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ میں بلوچ و سندھی سمیت پاکستان کے ہر آرٹسٹ سے محبت کرتا ہوں، فیسٹیول میں فقیر ذوالفقار، اکبر خمیسو خان، مائی ڈھائی، صنم ماروی بھی پرفارم کریں گی، آرٹس کونسل میں جنوری 2026ءسے فلم اکیڈمی شروع کر رہے ہیں جس کی باقاعدہ کلاسز کا آغاز کریں گے تاکہ فلم انڈسٹری پروان چڑھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے ہمیں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات سمیت مکمل طور پر ہر طرح سے سپورٹ کیا ہے، پاکستان کے سب سے بڑے گلوگار راحت فتح علی خان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، 7 دسمبر کو اختتامی تقریب میں راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے، ہم 6 ستمبر کو استاد نصرت فتح علی خان کی برسی منانا چاہتے تھے مگر ربیع الاوّل ہے، فیسٹیول میں استاد نصرت فتح علی خان کو ٹریبیوٹ پیش کریں گے۔
اس موقع پر نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کا حصہ بنانے پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس طرح کے فیسٹیولز ہر شہر میں ہونا ضروری ہیں، پاکستان کی عوام نے جشن کو جشن سمجھا اور پاکستان کی جیت کو بھرپور انداز میں منایا، میں شکر گزار ہوں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور حکومت سندھ کا جنہوں نے مجھے پرفارم کرنے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، سکھر اور کراچی میں ہونے والے تمام کنسرٹ بہت اچھے ہوئے، سندھ حکومت نے کراچی اور لاہور میں NFAK اور RFAK اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا ہے جس میں ہم بچوں کو گلوکاری کے گُر سکھائیں گے اور مجھے امید ہے کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے۔