• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینئر اداکارہ اور میزبان فرح سعدیہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے دلچسپ اور حیران کن انکشافات کیے، جس میں انہوں نے شادی کے بعد ہونے والی اپنی پہلی محبت اور مردوں پر اعتماد سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

فرح سعدیہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے مقبول ڈرامے بندھن سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، اس ڈرامے کی کامیابی کے بعد وہ مسکراہٹ اور کفارہ جیسے دیگر سیریلز میں بھی نظر آئیں، انہوں نے تقریباً 15 سال تک مختلف چینلز پر مارننگ شوز کی میزبانی کی۔ 

فرح سعدیہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے جذباتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی، انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی پہلی محبت شادی کے بعد ہوئی۔

اداکارہ نے کہا، ’مجھے نہیں معلوم لوگ محبت کو کیا سمجھتے ہیں، لیکن مجھے محبت شادی کے بعد ہوئی، کیونکہ میں محبت کے تصور پر یقین رکھتی تھی، میرے لیے یہی کافی تھا کہ کوئی مجھ سے محبت کرتا ہے، میں اپنے شوہر سے محبت کرنے لگی، پہلے میں لوگوں سے بہت توقعات رکھتی تھی، لیکن اب میں نے خود کو ان توقعات کی اذیت سے آزاد کر لیا، محبت کے کئی رنگ ہیں ماں، شوہر، بچے اور ایک دن بہو سے بھی محبت ہوگی، محبت کی کوئی حد نہیں، مگر لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ محبت سے بڑھ کر عزت تلاش کریں۔‘

فرح سعدیہ نے گفتگو کے دوران ماہرِ نفسیات ڈاکٹر صداقت کی ایک نصیحت بھی شیئر کی، جسے انہوں نے اپنی زندگی کا اہم سبق قرار دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صداقت ایک بار میرے شو میں آئے اور کہا کہ اگر تم کسی مرد کی محبت جانچنا چاہتی ہو تو دیکھو کہ وہ تم پر خرچ کرتا ہے یا نہیں، جو مرد تم پر خرچ نہیں کرنا چاہتا، اس پر کبھی بھروسہ مت کرو، ایسا مرد تمہارے لیے درست انتخاب نہیں اور یہی بات اسلام بھی سکھاتا ہے کہ مردوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی عورتوں پر خرچ کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید