• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اپنی شخصیت بدلنے والی نہیں، سوارا بھاسکر کی بے باکی برقرار

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر جو اپنی بے باکی اور نڈر انداز کے باعث ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں، ماں بننے کے بعد ایک مرتبہ پھر سرخیوں میں آگئی ہیں۔

سوارا نے اپنے نئے ریئلٹی شو ’’پتی پتنی اور پنگا‘‘ کے ذریعے شوبز میں واپسی کی ہے اور ساتھ ہی اپنی زندگی، کیریئر اور ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات بھی کیے ہیں۔

اداکارہ نے ایک انٹرویو میں مسکراتے ہوئے کہا کہ میں ٹوئٹر پر بدنام ہوں، اس لیے میں اصل زندگی میں بہت شائستہ بننے کی کوشش کرتی ہوں۔ شو کا تصور پیارا تھا، معاوضہ بھی اچھا ملا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ بطور نئی ماں میں اسے آسانی سے سنبھال سکتی تھی۔

سوارا بھاسکر نے تسلیم کیا کہ شوبز میں باہر سے آنے والوں کے لیے اچھے کردار حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا ہے کہ اداکار صرف انہی کرداروں میں سے انتخاب کر سکتے ہیں جو انہیں پیش کیے جائیں۔ جن کے تعلقات نہیں ہوتے، ان کے لیے مواقع کم ہوتے ہیں، لیکن میں نے ہمیشہ وہ کام چنا ہے جس پر فخر کر سکوں۔

نِل بٹے سناٹا، انارکلی آف آراہ اور  ویرے دی ویڈنگ جیسی فلموں میں شاندار کردار نبھانے والی سوارا نے کہا کہ ان کا کیریئر ہمیشہ خطرہ مول لینے پر مبنی رہا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ لوگ اکثر خوداعتماد اور بے باک عورتوں سے گھبراتے ہیں۔ میں نے اپنی صاف گوئی کی قیمت ادا کی ہے۔ کچھ لوگ مجھے اپنے پروجیکٹس میں متنازع سمجھ کر شامل نہیں کرتے، لیکن مجھے کوئی افسوس نہیں۔ جو بھی موقف اپنایا، اپنے اصولوں پر قائم رہ کر کیا۔

سوارا کا کہنا تھا کہ وہ شہرت کے لیے اپنی شخصیت نہیں بدل سکتیں۔ آپ وہی کرتے ہیں جس پر یقین رکھتے ہیں، یہی میری پہچان ہے۔ 

سیاستدان فہد احمد سے شادی کے حوالے سے سوارا نے انکشاف کیا کہ ان کی شہرت بعض اوقات شوہر کے لیے مشکلات پیدا کر دیتی ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ فہد کے لیے یہ زیادہ مشکل رہا ہے کیونکہ میری پہلے ہی ایک ’طاقتور‘ شہرت ہے۔ سیاستدانوں کے لیے ایسی بیویاں آسان نہیں ہوتیں جو بے باک ہوں اور توجہ کا مرکز بن جائیں۔

تاہم، سوارا نے واضح کیا کہ ان کی شادی محبت، احترام اور سمجھ بوجھ سے بھرپور ہے۔ میرا تجربہ روایتی تصورات کے برعکس رہا ہے۔ فہد کے خاندان نے میرے ساتھ بہت مہربانی اور سمجھداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید