بالی ووڈاداکارہ راکھی ساونت کا کہنا ہے، میرا موازنہ شکیرا، کم کارڈیشین، جینیفر لوپیز سے کریں، اُروشی روٹیلا سے نہیں، میں ان کی طرح جھوٹ نہیں بولتی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راکھی ساونت نے اداکارہ اُروشی روٹیلا سے اپنا موازنہ کیے جانے پر غصے کا اظہار کیا ہے اور اپنے نئے گانے ’ضرورت‘ کی تشہیری تقریب کے دوران اپنے مہنگے زیورات کی نمائش بھی کی ہے۔
اداکارہ فی الحال اپنے حالیہ گانے کی تشہیر میں مصروف ہیں، ایک تشہیری تقریب کے دوران وہ اپنے زیورات کی نمائش کرتی ہوئی نظر آئیں، جن کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مالیت 70 کروڑ روپے ہے۔
تقریب کے دوران راکھی ساونت نے لہنگا چولی زیبِ تن کیا ہوا تھا، جس کے ساتھ انہوں نے سنہری ہیڈ پیس اور چمکدار چاندی کا ہار پہنا ہوا تھا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہیڈ پیس کی قیمت 50 کروڑ روپے اور ہار کی قیمت 20 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا سے اپنا موازنہ کیے جانے پر راکھی ساونت نے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اُروشی روٹیلا کی طرح جھوٹ نہیں بولتی۔
راکھی ساونت نے اُروشی روٹیلا سے کسی بھی مقابلے کو رد کر تے ہوئے کہا کہ آپ میرا موازنہ برٹنی اسپیئرز، جینیفر لوپیز، شکیرا، پیرس ہلٹن اور کم کارڈیشن سے کریں، آپ کو گِھسا پٹا بس ایک ہی نام مل جاتا ہے، مجھے پتہ ہے کہ ان کا گانا عبیدی دابیدی تھا، لیکن وہ دابیدی دابیدی ہو گیا۔
اسی دوران اچانک ایک لائٹ بند ہو گئی تو راکھی نے برجستہ طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ گانا اتنا منحوس تھا؟
واضح رہے کہ اروشی روٹیلا کو اکثر سوشل میڈیا پر اپنے زیورات اور مہنگے لباس کی نمائش کرتے دیکھا جاتا ہے، اس سال جنوری میں انہیں اپنی فلم ’ڈاکو مہاراج‘ کے ایک تشہیری انٹرویو کے دوران سیف علی خان کے لیے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ہیرے کی گھڑی دکھانے پر ٹرول کیا گیا تھا، جبکہ 2024ء میں انہیں اپنی سالگرہ پر 24 قیراط سونے کا کیک کاٹتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
راکھی کا نیا گانا ’ضرورت‘ رومانوی گیت ہے جسے سیف علی نے گایا اور کمپوز کیا ہے، جبکہ بول آیوش کے ہیں، اس گانے میں راکھی اداکار شہباز خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آ رہی ہیں۔