بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی نواسی ناویا نویلی نندا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے گھر کے کھانے کی میز پر ہونے والی گفتگو ہمیشہ معنی خیز اور سوچ پر مبنی ہوتی ہے، مگر کبھی جھگڑے میں تبدیل نہیں ہوتی۔
ناویا اپنی والدہ شویتا بچن اور دادی جیا بچن کے ساتھ اپنے پوڈکاسٹ ’’واٹ دی ہیل ناویا‘‘ میں کھل کر باتیں کرتی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے بچپن اور خاندان کی تربیت سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
ناویا نندا نے بتایا کہ میں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ اپنے دادا، دادی اور نانا نانی کے ساتھ گزارا ہے اور آج بھی ہم سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، جو آج کل کے نوجوانوں کے لیے غیر معمولی بات ہے۔ ہم لڑتے نہیں، بلکہ صحت مند بحث کرتے ہیں۔ ہماری گفتگو ہمیشہ ان موضوعات پر ہوتی ہے جو آج کے دور میں اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ میرا پوڈکاسٹ سنتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ہر قسط میں کوئی نہ کوئی بحث یا اختلاف ضرور ہوتا ہے۔ مگر حیرت انگیز طور پر ہمارے درمیان کبھی تصادم نہیں ہوتا، ہم سب مختلف شخصیت کے مالک ہیں لیکن ہماری اقدار ایک جیسی ہیں اور یہی چیز میری شخصیت کی پہچان بناتی ہے۔
ناویا نندا نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے بھائی اگستیا نندا اور کزن آرادھیا بچن کے ساتھ، ہمیشہ احترام اور خاندانی روایات کے ماحول میں پرورش پائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سب سے پہلے جو چیز سیکھی، وہ احترام ہے، یہ ہماری شخصیت کی بنیاد ہے، چاہے وہ میرے دادا دادی ہوں یا خاندان کا سب سے چھوٹا فرد۔
ناویا نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے کے لیے، اپنے کام کے لیے اور اپنی جڑوں کے لیے گہرا احترام رکھتے ہیں، یہی چیز ہمیں بچن خاندان بناتی ہے۔