چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) جنید اکبر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور غلط بیانی ہوئی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ کل کسی مہربان نے کہا کہ میں استعفیٰ دینے کو تیار نہیں ہوں، مجھے بتایا گیا کہ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایسا ہی ہے کہ میں استعفیٰ نہیں دینا چاہتا۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ میں نے کہا کہ بانی سے ملنے جارہے ہیں تو میرا استعفیٰ ساتھ لے جائیں، میں نے کہا تھا کہ پی اے سی اور ساتھ ہی صوبائی صدارت سے استعفیٰ دینے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر میرا استعفیٰ لے کر نہیں گئے لیکن میں نے اپنا استعفیٰ ان کو وٹس ایپ کردیا تھا، 13 مئی کو میں نے اپنا پہلے والا استعفیٰ بیرسٹر گوہر کو بھیجا تھا۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بتایا گیا کہ بطور پی اے سی میں عہدے پر رہنا چاہتا ہوں، سیاسی کمیٹی میں بتایا گیا کہ میں صرف صدر کی حیثیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، سیاسی کمیٹی میں یہ بھی بتایا گیا کہ میں پی اے سی عہدے پر رہنا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو میرا پی اے سی اور بطور صدر دونوں استعفوں کا نہیں بتایا گیا، صرف کمیٹیاں نہیں اگر حکومت اور عہدوں کے جانے سے بانی کو فائدہ ہو جاتا ہے تو ہم تیار ہیں۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ اگر سیاسی کمیٹی گروپ بندی کرے تو یہ درست نہیں ہے، سیاسی کمیٹی میں ایک بندہ بات کرے اور چند خاص بندے سپورٹ کریں اور فیصلہ ہو یہ درست نہیں۔