کراچی میں 19 اگست کو بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقوں کی طرح کورنگی کے اللّٰہ والا ٹاؤن اور اطراف کی آبادیوں سے بارش کا پانی بدھ کی شام تک نہ نکالا جا سکا۔
بارش کے جمع گندے پانی سے علاقے میں تعفن پھیل چکا ہے اور گندگی اور سیوریج سے صورت حال گمبھیر ہو رہی ہے، گندے پانی میں مچھر کی افزائشِ نسل بھی ہو رہی ہے۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا اور اللّٰہ والا ٹاؤن کے درمیانی شاہ محمد روڈ پر 2 کلو میٹر کے علاقے میں بارش کے پانی کے باعث گڑھے پڑ گئے ہیں اور کھدائی کی گئی لائنوں میں بھی پانی جمع ہے جہاں کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے کارخانے اور فیکٹریاں ہیں، جن کے ملازمین کے علاوہ اللّٰہ والا ٹاؤن کی آبادی کے مکین بھی برساتی پانی اور تعفن سے پریشان ہیں۔
پیدل افراد، گاڑی یا موٹر سائیکل سواروں کا گزرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، گاڑیاں پھنس رہی ہیں اور کئی شہری چھوٹے بڑے گڑھوں میں گر کر زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
مکینوں کے مطابق اس علاقے میں بھی ٹاؤن اور یونین کونسل کے مرکزی عہدے دار پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جن کو فون کرنے کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی۔
یونین کونسل انتظامیہ کے مطابق اس علاقے میں سیوریج لائنوں کو بچھانے کا کام جاری تھا کہ بارشیں آ گئیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔