وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جتنا پیسہ سیلاب متاثرین پر لگایا اس سے کئی ڈیم بن سکتے تھے۔
اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈیمز بنتے تو جو سیلابی پانی آج زخمت بنا ہوا ہے وہ نعمت ہوتا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈیمز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے وسائل سے خود ڈیمز بنائیں گے تاکہ پانی بچایا جا سکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں وزرائے اعلیٰ کی حمایت سے نئے ڈیم بنانے کی حکمت عملی بنالی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نئے ڈیموں پر کئی بار بات ہوئی، وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کرنے کا کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اجلاس میں ڈیم کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی فنڈ دینے کا کہا، ڈیموں سے متعلق صوبوں کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی ہے۔